’’ راجہ امیر احمد تحریک پاکستان کے عظیم رہنما ، قائد اعظم کے قابل اعتماد ساتھی تھے ‘‘
لاہور(خصوصی رپورٹر)راجہ امیر احمد خان آف محمود آباد کو قائداعظم سے بڑی عقیدت تھی جبکہ قائداعظمؒ کو بھی آپ پر کامل اعتماد تھا۔آپ نے قائداعظمؒ کی ہدایت پر مسلم لیگ میں شامل ہو کر تحریک پاکستان میں پر جوش حصہ لیا۔ان خیالات کااظہار پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ندیم نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں تحریک پاکستان کے رہنماراجہ امیر احمد خان آف محمو دآباد کی41ویں برسی کے سلسلے میںمنعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ندیم نے کہا کہ راجہ امیر احمد خان ریاست محمود آباد کے رئیس تھے۔آپ کے والد مہاراجہ علی محمد برصغیر پاک و ہند کے مشہور قومی رہنما تھے۔راجہ امیر احمد خان مسلم لیگ کے صف اول کے رہنما تھے۔آپ مسلم لیگ کے خازن اور مجلس عاملہ کے سالہا سال رکن رہے۔ 1937ء کے مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس منعقدہ لکھنؤ میں مجلس استقبالیہ کے صدر تھے۔ بعد میں قائداعظم نے ان کو آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی صدارت کے لیے نامزد کیا۔ آپ نو سال تک فیڈریشن کے صدر رہے۔ 1945ء میں مرکزی اسمبلی کے لئے قائداعظم کی انتخابی مہم کے نگران تھے جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔