کنٹرول لائن پر جاریت بھارت کا اعلان جنگ ہے‘ منہ توڑ جواب دیا جائے: دینی رہنما
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مذہبی و سیاسی رہنمائوںنے کہا ہے کہ نریندر مودی کی دھمکیاںمحض گیدڑ بھبھکیاں ہیں، وطن عزیز پاکستان کی جانب کسی نے میلی نگاہ ڈالی تواس کی آنکھیں پھوڑ دی جائیں گی۔اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی بھارتی جارحیت پر خاموشی معنی خیز ہے۔کنٹرول لائن پر جارحیت بھارت کی جانب سے کھلا اعلان جنگ ہے اس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار جماعۃالدعوۃ کے رہنمائوں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا ابو الہاشم ،جے یو پی پنجاب کے صدر علامہ قاری زوار بہادر، تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما مولانا محمد نعیم بادشاہ، جے یو پی نورانی کے مرکزی رہنما علامہ محمدخان لغاری، امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا ابو الہاشم،تحریک آزادی جموںکشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت ابھی چھوٹے حملے کر رہا ہے اس کو منہ توڑ جواب نہ دیا گیا تو وہ بڑی جارحیت بھی کرسکتا ہے۔حکومت بھارت سے یکطرفہ دوستی کی کوششوں کی بجائے اس کی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔باہمی اختلافات ختم کر کے پوری قوم کو دفاع کے لیے تیار کرنا چاہیے ۔ جب قوم تیار ہوتی ہے تو بھارت جیسے دشمن کو 1965کی طرح منہ کی کھانا پڑتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کے خلاف جارحیت کی منصوبہ بندی کی گئی۔