کراچی میں فائرنگ کے واقعات، 4 افراد جاں بحق، سنٹرل جیل منتقل کرنے پر غور
کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھینس کالونی میں نامعلوم افراد نے40 سالہ محمد ہاشم کو اغواء کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور ہاتھ پائوں بندھی نعش سمندری بابا کے مزار کے نزدیک پھینک کر فرار ہوگئے۔ ادھر قائد آباد کے علاقے بلال کالونی میں مسلح افراد نے نوجوان18 سالہ عبداللہ کو پیشانی پر گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ مقتول میٹرک کا طالب علم تھا۔ مواچھ گوٹھ میں30 سالہ خاتون شکیلہ عابد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ کورنگی کراسنگ کے قریب اللہ والا ٹائون میں مسلح افراد کی فائرنگ سے25 سالہ عبدالرحیم، ملیر15 میں 60 سالہ خان بی بی، سائٹ پٹھان کالونی میں تین افراد شاہنواز، عطا محمد اور راجہ محمود ، تیسر ٹائون میں پولیس اہلکار وزیر علی کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔ رینجرز کا شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق جنجال گوٹھ میں کارروائی کے دوران نامعلوم تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو گرفتار اور ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ پٹیل پاڑہ میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا اور متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا۔ دریں اثناء گزشتہ شام نیو نارتھ ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان محمد اشد خان کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے بھی شرکت کی۔ دوسری طرف کراچی سنٹرل جیل تک سرنگ کھود کر خطرناک 100 قیدی فرار کرنے کی سازش کا بھانڈہ پھوٹنے پر سندھ حکومت نے متعلقہ تھانے کے انٹیلی جنس افسر اور ہیڈ محرر کو معطل کردیا جبکہ علاقہ ڈی ایس پی کیخلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ سرنگ واقعہ کی چھان بین کیلئے 2 پولیس افسروں پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے گزشتہ روز پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی سنٹرل جیل کو موجودہ جگہ سے سپر ہائی وے کے قریب منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ جیل سے ملحقہ غوثیہ کالونی حیدر آباد کالونی اور دیگر آبادیوں میں سرچ آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان آبادیوں میں گھروں کی تیسری چوتھی منزلیں مسمار کردی جائیں گی۔ دریں اثناء رینجرز نے کراچی سنٹرل جیل پر حملے کی سازش میں ملوث مزید 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔