حافظ آباد:تجاوزات کی بھرمار‘ شہریوں کی زندگی اجیرن ‘پیدل گزرنا محال
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد شہر میں تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن کردیا جبکہ سڑکوں اور شاہرائوں سے گزرنا بھی محال ہوگیا۔لیکن انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات نہ کئے جانے کے باعث یہ مسئلہ دن بدن گھمبیر ہوتا چلا جارہاہے۔ ان خیالات کااظہارشہریوں نے ایک سروے میں کیا۔ابوبکر رحمانی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ سال تجاوزات کومسمار کرنے کے بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے مختلف شاہرائوںاور بازاوں میں فیتے سے نشانات بھی لگائے تھے ۔ چند شہریوںنے ان نشانات کے بعد خود بخود تجاوزات کومسمار کردیا تھا لیکن ضلعی انتظامیہ اسکے باوجود ابھی تک شہرسے تجاوزات کے خلاف کوئی منظم اور ٹھوس آپریشن شروع نہ کرسکی ہے جس کی وجہ سے وہ چند ایک شہری جنھوںنے خود اپنی تجاوزات مسمار کرلی تھیں وہ بھی اب پچھتا رہے ہیں۔وقاص احمد وڑائچ ودیگر شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ اور چیف سیکریٹری سمیت تمام ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ حافظ آباد شہر جو تجاوزات کی وجہ سے دن بدن ایک پنجرہ نما شہر بنتا چلا جارہاہے یہاں پرفوری طور پر بلاتخصیص بڑا آپریشن کرکے تجاوزات کو مسمار کیا جائے۔