شاہ محمود قریشی کا تھر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تھر پارکر سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں اہلیان تھر و دیگر متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو پی ٹی آئی کی صوبائی و مقامی قیادت سے رابطہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر خارجہ نے تھر میں طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سندھ سمیت وطن عزیز پاکستان کے تمام علاقوں کو آفات و بلیات سے محفوظ رکھے۔