وزیر تعلیم راجہ یاسر ہمایوں کا یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا دورہ، وائس چانسلر سے ملاقات
لاہور (پ ر ) صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کو بطور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا چارج سبنھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی مثالی قیادت میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن پاکستان کی ایک بہترین جامعہ بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کی بہتری کے لئے اس کے ایکٹ میں ضروری ترامیم کے حوالے سے محکمہ ہائر ایجوکیشن ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکشن کے تمام کیمپسز خصوصاً اٹک، وہاڑی اور جوہر آباد کیمپس کی تعمیر و ترقی کے لئے صوبائی حکومت مزید فنڈز فراہم کرے گی۔