پاکستان نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے افغانستان کو8وکٹوں سے شکست دیدی۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آدھی ٹیم 74 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی تاہم چھٹی وکٹ کیلئے کپتان منیر احمد اور وحید اللہ نے 46 رنز جوڑے۔منیراحمد 41رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 42.2اوورز میں 138رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد محسن نے 30 رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔خوشدل شاہ اور عماد بٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔139 رنز کے تعاقب میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 50 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔عمیر بن یوسف 38 رنزبناکر آوٹ ہوگئے۔ حیدر علی 16 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ کے لیے روحیل نذیر اور سعود شکیل کے درمیان 70 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے پاکستان کو میچ میں فتح دلادی۔ روحیل نذیر نے 52 ر نز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان سعود شکیل 31 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔قومی ایمرجنگ ٹیم نے ہدف 35.3 اوورز میں مکمل کرلیا۔قومی ایمرجنگ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ سری لنکا کے خلاف 16نومبر کو کھیلے گی۔