مسلم امہ کے بلند مقام کا دوبارہ حصول کردار کی پختگی، اللہ پر کامل یقین سے مشروط ہے: نیول چیف
دوحہ(نوائے وقت نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے دورہ قطر کے آخری روز اہم ملاقاتیں کیں اور جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں خصوصی خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے دورہ قطر کے آخری روز کمانڈر قطر ایئر فورس اور کمانڈنٹ جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نیول چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے جوائنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میں کورس کے شرکا سے خصوصی خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں نیول چیف نے دنیا اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کا احاطہ کیا اور اس تناظر میں باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔نیول چیف نے اپنے خطاب میں کردار کی پختگی، اللہ پر کامل یقین اور سنت رسول کی پیروی کو مسلم امہ کے بلند مقام کے دوبارہ حصول سے مشروط کیا۔