پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ ( آئی ایم ایف) کے درمیان قرضے کے لیے شرائط ،وفد کاآج نیپرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ
اسلام آباد: پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ ( آئی ایم ایف) کے درمیان قرضے کے لیے شرائط پر مذاکرات کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں پاکستان میں موجود آئی ایم ایف کا وفد ملاقاتیں کر رہا ہے۔
آئی ایم ایف کا وفد آج نیپرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرے گا اور اس موقع پر نیپرا حکام کی جانب سے وفد کو پاور سیکٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد 6 نومبر کو اسلام آباد پہنچا اور 7 سے 9 نومبر کے درمیان پاکستان اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوئے جس کے دوران معیشت کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا ڈیٹا پیش کیا گیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات 20 نومبر تک جاری رہیں گے۔ بیرونی ادائیگیوں کے توازن میں بہتری کے لیے آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر تک کی درخواست کی جاسکتی ہے۔
وزیر خزانہ اسد عمر کہہ چکے ہیں کہ پاکستان 19واں اور آخری آئی ایم ایف پروگرام لینے جارہا ہے، کچھ دنوں میں صورتحال واضح ہوجائے گی۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے فیصلے میں تاخیر کا تاثر غلط ہے۔