تجاوزات کیخلاف آپریشن چھوٹے طبقہ تک محدود، بڑے مگر مچھوں کو کھلی چھٹی
ملتان (نمائندہ خصوصی) ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن میں تماما تر زور ریڑھی ‘ کھوکھا ہوٹل‘ چھپر ہوٹل‘ چھابڑی فروش تک محدود ہو کر رہ گیا۔ اس آپریشن کے دوران چھوٹے طبقہ کو نشانہ بنا کر ملتان ترقیاتی ادارہ اور ضلعی انتظامیہ نمبر بنانے میں مصروف ہے لیکن ملتان شہر کے اہم شاہراہوں پر واقع فٹ پاتھ پلازہ مالکان‘ دکانداروں‘ کمرشل سنٹرز‘ شو روزمز مالکان اور سروس سنٹرز مالکان نے قبضہ کر کے کاروبار شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے پیدل چلنے والے شہریوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے چونگی نمبر 7 ‘ چونگی 8 اور چونگی نمبر 9 تک سڑک کے اطراف پر واقع فٹ پاتھ کو پھل فروشوں‘ پھول فروش‘ شو رومز مالکان نے دکانات کا حصہ بنا رکھا ہے دونوں اطراف کے فٹ پاتھ شو رومز میں داخلہ کا بنیادی ذریعہ ہیں فٹ پاتھ نہ ہونے کی صورت میں دکانات اور شو رومز بند ہو جاتے ہیں اسی طرح چونگی نمبر 9 سے چوک رشید آباداور چوک کمہاراں تک واقع فٹ پاتھ دونوں اطراف میں ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں مین پر اس روڈ پر دکانداروں نے فٹ پاتھ کو دکانوں کا حصہ بنانا شروع کر رکھا ہے خانیوال روڈ کے فٹ پاتھ پر بھی شو رومز مالکان نے ہاتھ صاف کرنا شروع کر رکھا ہے۔ یہی صورتحال ابدالی روڈ پر چوک نواں شہر سے کلمہ چوک تک دونوں اطراف سے فٹ پاتھ پر آٹو مارکیٹ کے دکانداروں نے قبضہ کر رکھا ہے ان دونوں روڈز پر واقع ہوٹلز مالکان نے اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے رکاوٹیں بھی تعمیر کر دیں ہیں ابدالی روڈ پر فٹ پاتھ پر سارا دن کاروبار ہو رہا ہے اس تمام صورتحال میں ایم ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ ‘ چھوٹے دکانداروں اور دیہاڑی داروں کے خلاف کارروائی کر کے نمبرز بنانے میں مصروف ہے ۔