حکومت بجلی نظام کی خامیاں دور کرنے کیلئے کوشاں ہے‘ عمر ایوب
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان نے پی پی آئی بی کے 120ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بجلی کی پیداوار کیلئے مالی وسائل کے استعمال کی ہدایت کی اور اس امر کا اظہارکیا کہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جس کے استعمال سے سستی بجلی کا حصول ممکن ہے ۔ اجلاس نے نئے منصوبے شروع کرنے کو ڈیمانڈ سپلائی سروے رپورٹ سے منسلک کرنے کی ہدایت کی اور کہا(کہ رپورٹ کے آنے کے بعد ہی نئے بجلی کے منصوبوں کا فیصلہ کیاجائیگا۔ اجلاس نے آزاد کشمیر میں دریا ئے نیلم پر 350میگاواٹ کے آٹھ مقام ہائیڈرو پاور منصوبے کے دلچسپی کے خط میں توسیع کی بھی منظوری دی ۔ وفاقی وزیر نے 660کے وی کے ہائی ٹرانسمیشن لائن منصوبے کیلئے این ٹی ڈی سی کو زیادہ فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بجلی کے نظام کی خامیوں کودور کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لارہی ہے جبکہ بجلی چوروں کے خلاف مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو جلد ازجلد بجلی کی خرابیوں سے پاک کردیں گے اور انہونی پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری پر بھی زور دیا۔