علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شعور و آگہی اور خود داری کا سبق دیا، محمود شام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) علامہ اقبال نے ہمیشہ نوجوانوں کو شعور و آگہی اور خود داری کا سبق دیا ۔یہ بات سوشل اسٹوڈنٹس فورم کے زیر اہتمام علامہ اقبال کے یومِ ولادت کے سلسلے میں گورنمنٹ آدمجی سائنس کالج میں بین الکلیاتی تقریری مقابلے سے صدارتی خطبہ دیتے ہوئے سینیئر صحافی و دانشور محمود شام نے کہی ۔انہوں نے کہا کہ مجھے اقبال کے شاہینوں سے ملنے کا موقع ملا ہے یہ شاہین ہمارے مستقبل کے معمار ہیں انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام امن و آشتی کا پیغام ہے جس نے پورے بر صغیر میں مسلمانوں کو اتحاد و یگانگت کا سبق دیا اور نوجوانوں کو خودی و خود داری کے ساتھ آگے بڑھنے کا سلیقہ و سبق دیا ۔ قبل ازیں فورم کے چیئرمین نفیس احمد خان نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے فورم کے مقاصد میں یہ شامل ہے کہ ہم اپنے اسلاف کے کارناموں سے نوجوانوں کو آگاہ کریں تاکہ ہمارے نوجوان اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز ماہر تعلیم سید حسنین رضوی نے کہا کہ علامہ اقبال نے طلباء اور نوجوانوں کو ہمیشہ شاہین سے تشبیہ دی کیونکہ شاہین ہمیشہ بلندیوں کا کامیاب سفر کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں علامہ اقبال کا شاہین بننا ہے اور اس ملک خداداد کی حفاظت کرنی ہے اور اسے بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ تقریب سے سابق وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اقبال یوسف نے گورنمنٹ آدم جی سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر معظم مسعود احمد وصی، فہیم برنی، سید شائق ایاز نے بھی خطاب کیا۔