جشن عید میلاد النبی پر فراہمی ونکاسی آب کی سہولیات دینگے:خالد محمود شیخ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمودشیخ نے ماہ مبارک خصوصاً 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر و مرکزی جلوس کی گزرگاہ پر پانی کی فراہمی و نکاسی آب کے موثر وفول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کردی ہیں،واٹربورڈ کے صدر دفتر سمیت تمام اہم دفاتر اور تنصیبات پر چراغاں کیا جائے گا ،ایم ڈی واٹربورڈ اور ڈپی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز گاہے بگاہے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے واٹربورڈ کے اقدامات کا ازخود جائزہ لیں گے ،چیف انجینئرز کے دفاتر میںخصوصی شکایت مراکز قائم کئے جارہے ہیں ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے واٹربورڈ حکام کو ایک مراسلے کے ذریعے ہدایات جاری کی ہیں کہ ماہ ربیع الاول میں فراہمی ونکاسی آب کے موثر انتظامات کئے جائیں ،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز ،تمام چیف انجینئرز اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز ماہ ربیع الاول خصوصاً 12 ربیع الاول کو جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فراہمی ونکاسی آب کے خصوصی انتظامات یقینی بنائیں ، میلاد النبی ﷺ کی محافل ، مساجد،مزارات ،خانقاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کے اطراف سیوریج کی نکاسی ،ٹوٹی ہوئی گٹروں کی مرمت،کھلے مین ہولوں پر ڈھکن اور رنگ سلیب رکھنے کے انتظامات ہنگامی بنیادوں پر ہونے چاہیں ۔