جستجو کا نام زندگی !!!
انسان کی پوری زندگی کوشش ،جدوجہد اور جستجو کا نام ہے ۔ہر انسان کو زندگی بھر ہزاروں مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے ۔زندہ رہنے اور زندگی گزارنے کے لئے اسے عام طبعی قوتوں سے جنگ کرنا پڑتی ہے اور انہیں تسخیر کرنا پڑتا ہے ۔زندگی میں وہی کامیاب ہوتا ہے جس کا ظرف وسیع ہو ،ارادہ قوی ہو اور ہمت بلند ہو ۔دنیا کے کامیاب انسانوں کی درخشاں کامیابیوں کا سبب ان کی خود اعتمادی ،قوت ارادی اور مسلسل کوشش رہی ہے ۔ایسے لوگ زندگی کی مشکلات سے نہیں ڈرتے وہ ذاتی استقلال اور خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے ان کے خلاف برسر پیکار ہوتے ہیں اورہمت سے جدوجہد کرتے ہیں اور یوںمشکلات پر قابو پا لیتے ہیں ۔ہمت اوراعلیٰ حوصلہ ہر مشکل کو آسان بنا دیتا ہے بلکہ جو دوسروں کے لئے محال ہوتا ہے اسے وہ اپنے لئے ممکن بنا دیتے ہیں ۔وہ زندگی کے گہرے سمندر میں کسی تنکے کی مانند نہیں ہوتے کہ جو فقط لہروں کے بہانے ادھر سے ادھر بھٹکے رہتے ہیں ۔ہر انسان اپنے ذاتی استقلال ،خود اعتمادی ،ارادے اور جدوجہد سے اپنی زندگی میں کامیاب ہو سکتا ہے ۔اسلام میں بھی بنیادی اور آخرت کی کامیابی و ناکامی کو انسان کے اعمال اور کوشش کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے ۔(حلیمہ عرفان ،کراچی )