طویل خشک سالی کے بعد آزادکشمیر بھر میں بارش سے موسم خوشگوار, بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری, سردی میں شدید اضافہ
طویل خشک سالی کے بعد آزادکشمیر بھر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے باعث سردی میں شدید اضافہ,پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔وادی نیلم،وادی لیپہ،وادی پنجکوٹ کے بالائی پہاڑ مکڑا اور سیاحتی مقام پیر چناسی پر بھی برف باری کی اطلاعات ہیں۔بدھ کے روز دفاتر اور تعلیمی اداروں میں سردی کے باعث کوئلے کی انگیٹھیوں اور الیکٹرک ہیٹرز کا استعمال کیا گیا جبکہ گھریلو خواتین نے روایتی کشمیری کانگڑی کا استعمال شروع کردیا۔سردی کے باعث عوام نے گرم ملبوسات زیب تن کرلیے۔بازاروں میں مچھلی اور ڈرائی فروٹ کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ کشمیری فیملیز میں روایتی پکوان باقرخانی،شیرمال،نمکین چائے اور یاجیوں کا استعمال شروع ہوچکا ہے۔ادھر دوسری جانب پاکستان بھر سے سیاحوں نے وادی کشمیر میں برفباری کا منظر دیکھنے کے لیے پیرچناسی،نیلم،شاردہ ،کیل،آٹھمقام،وادی لیپہ اور وادی پرل راولاکوٹ سمیت دیگر علاقوں کا رخ کرلیا ہے جہاں گیسٹ ہائوسز اور ہوٹلوں میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مزید ایک دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔