آج تک یونین کونسل 81 کوٹھہ کلاں2 کیلئے کوئی سرکاری فنڈز نہیں دئیے گئے
راولپنڈی (عزیز علوی ۔۔ تصاویر ایم جاوید) بلدیاتی الیکشن کے بعد آج تک مخصوص نشستوں کے انتخابات عمل میں نہیں آسکے جبکہ بلدیاتی الیکشن ہوئے سات ماہ گذر گئے آج تک یونین کونسل 81 کوٹھہ کلاں2 کیلئے کوئی سرکاری فنڈز نہیں دئیے گئے ہم اپنی مدد آپ کے تحت یوسی کے امور چلا رہے ہیں یوسی کا دفتر تک نہیں اپنے ہی انتظام سے یوسی کے منتخب نمائندگان کے اجلاس اور اہل علاقہ کے مسائل سنے جا رہے ہیں1983 ء میں جو واٹر سپلائی کی لائنیں بچھائی گئیں آج بھی وہ بہترین تھیں لیکن اب واٹر سپلائی کے نام پر پوری یوسی کی بلاوجہ کھدائی کر دی گئی جس سے نہ تو مین سورس سے پانی مل سکا نہ ہی واسا نے ہماری یوسی کی واٹر سپلائی کا انتظام سنبھالا ہم انتظامیہ سے کچھ نہیں صرف عوامی مسائل کے دیرپا حل کیلئے تعاون چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار منگل کویوسی81 کوٹھہ کلاں2 کے چیئرمین چوہدری عمر جلیل ، وائس چیئرمین راجہ شاکر نزیر ، کونسلروں چوہدری محمد ارشد ، عارف محمود ،چوہدری سہیل ، چوہدری عاطف ظہیر ، حاجی اظہر محمود ، سابق امیدوار کونسلر فیض محمد فیضی نے نوائے وقت موبائل فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنی گرانٹ سے جو ٹیوب ویل لگوایا تھا وہ چالو نہ ہوسکا اور چور ٹیوب ویل کے ٹرانسفارمر سے تانبہ بھی نکال کر چلتے بنے ہیں اٹک آئل کمپنی میں بجلی کا نظام لگایا گیا تو سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں اعلان کیا تھا کہ اس سے مقامی آبادی کو بھی سستی بجلی ملے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا علاقے میں فضائی آلودگی بہت ہے پانی کا بور کرائیں تو وہ بھی پٹرول ملا نکلتا ہے جس سے لوگ موٹر سائیکل سٹارٹ کرلیتے ہیں ناقابل استعمال پانی پینے پر بھی اہل علاقہ مجبور ہیں جس سے ہیپا ٹائٹس عام ہے اٹک آئل کمپنی سال میں ایک بار فری میڈیکل کیمپ لگاتی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ یہ کیمپ ہر تین ماہ بعد لگایا جائے منتخب نمائندگان اور اہلیان علاقہ نے کہا کہ علاقے میں اب تک جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ گروپ لیڈر حاجی امجد محمود چوہدری کے منتخب نمائندگان نے اپنی ذاتی جیب سے کرائے ہیں جن میں بنیادی مرکز صحت میں ادویات کی فراہمی ، شادی کیلئے مالی امداد مختلف مقامات پر قبرستان کیلئے مجموعی طور پر آٹھ کنال اراضی کی فراہمی ، واٹر سپلائی کے اخراجات کمیونٹی سینٹر کی فراہمی ، سرکاری سکول کے خستہ حال کمروں کی مرمت وغیرہ شامل ہیں جن پر مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے خرچ آچکا ہے یہ یوسی راولپنڈی کی سب سے اہمیت کی حال یوسی ہے جس میں ایوب نیشنل پارک ، اٹک آئل کمپنی ، یو این آفس کے ادارے پہلے بنے تھے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ضلع کونسل کے قیام میں تاخیر ختم کرنے کیلئے حکومت اقدامات کرے تاکہ یونین کونسلوں کے مسائل عوامی نمائندگان کے ذریعے حل ہوسکیں علاقے میں سب سے بڑا مسئلہ سڑکوں کی بری حالت ہے جنہیں واٹر سپلائی کے نام پر اکھاڑ دیا گیا لیکن دوبارہ ان کی مرمت نہیں ہوئی لڑکیوں کے سکول کی گلی میں واٹر سپلائی کی ٹینکی کا ڈھانچہ کھڑا کرکے سکول کو غیر محفوظ بنا دیا گیا ہے جبکہ مین لائن اب بھی تعطل سے دوچار ہے اہلیان یوسی نے مطالبہ کیا کہ ڈولفن فورس کا گشت کوٹھی کلاں میں بھی رکھا جائے تاکہ سٹریٹ کرائم کا سرے سے خاتمہ ہوسکے یوسی میں بوائز ڈگری کالج بنایا جائے اور علاقے میں کھیل کے میدان کی سہولت بھی فراہم کی جائے منتخب نمائندگان نے کہا کہ شارون کالونی واٹر سپلائی سکیم پر24 لاکھ روپے سے ہم زیادہ خرچ کر چکے ہیں ہمارے علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ یہ بھی ہے کہ یہاں سوئی گیس کا پریشر بہت کم رہتا ہے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے محکمہ سوئی گیس نے پریشر کی بہتری کیلئے نئی لائنیں بچھائیں لیکن اس سے بھی پریشر بہتر نہ ہوسکااہلیان یوسی کو مہینے میں پندرہ پندرہ دن پانی سپلائی نہ ہونا بھی معمول بنا ہوا ہے واسا ہماری ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے علاقے میں صحت کی سہولتیں دینے کیلئے ہسپتال بنایا جائے بنیادی مرکز صحت میں بھی اہلیان علاقہ کیلئے سرکاری سطح پر ادویات نہیں ملتیں ملکاں بی ویلفیر ٹرسٹ کے نام سے اپنے طور پر کمیونٹی سینٹر میں بچیوں کو دستکاری سکھائی جا رہی ہے ہماری50 ہزار نفوس کی یوسی کے بنیادی مسائل مکمل طور پر حل کرنے کیلئے سرکاری مشینری عوامی نمائندگان کا ساتھ دے ۔