موسم سرما کی پہلی بارش ، شہریوں کے چہرے کھل اٹھے،سردی میں اضافہ
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) علماء اور عوام کی دعائیں رنگ لائیں، منگل کو سہ پہر موسم سرما کی پہلی بارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں ۔ سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، تاہم بارش سے سموگ ، گردو غبار، خشکی اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہری گلے اور دیگر موسمیاتی بیماریوں کا شکار ہوچکے ہیں۔ شہر اور کینٹ میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ہوگئی اور سڑکیں اور نالیں ، نالوں کی شکل اختیار کرگئیں۔ یہ بارش طویل خشک سالی کے بعد بارانی علاقوں میں حال ہی میں کاشت کی جانے والی گندم کی فصل کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوئی ہے اور ان زمینوں میں اب گندم کاشت کی جائے گی جہاں وتر اور نمی نہ ہونے کی وجہ سے اب تک کاشت نہیں کی جاسکی تھی۔