شمالی وزیرستان: فضائی کارروائی میں غیر ملکیوں سمیت 30 دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان + پشاور (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں پاک فوج کی فضائی کارروائی کے دوران غیر ملکیوں سمیت 30 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران دتہ خیل کے علاقے میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے بیشتر علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جاچکا ہے اور مضافاتی علاقے میں کارروائی کی جارہی ہے جبکہ شدت پسندوں سے قبضے میں لئے گئے بھاری مقدار میں گولہ و بارود کو ناکارہ بنانے کا کام بھی جاری ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق دتہ خیل میں فضائی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر سیف اللہ بھی شامل ہے۔ ادھر چارسدہ میں دہشت گردوں نے لڑکیوں کے سرکاری سکول کو بارودی مواد سے تباہ کردیا۔ پولیس کے مطابق بارودی مواد چارسدہ کے علاقے کودئی میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے سے سکول کے 2 کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ دوسرے کمروںکو بھی نقصان پہنچا۔ ادھر ہنگو کے علاقے راشیان میں فٹ بال کے سٹیڈیم میں بم دھماکے سے 2 کھلاڑی زخمی ہوگئے۔ دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا۔