محکمہ لائیو سٹاک پنجاب میں 18 ڈائریکٹرز کی اسامیوں پر جونیئر افسر تعینات
محکمہ لائیو سٹاک پنجاب میں 18 ڈائریکٹرز کی اسامیوں پر جونیئر افسر تعینات
لاہور (چودھری اشرف) محکمہ لائیو سٹاک پنجاب میں جونیئر افسران کا اپ گریڈ عہدوں پر کام کرنے سے محکمہ کی کارکردگی سوالیہ نشان بنتی جا رہی ہے۔ رواں مالی سال میں محکمے کی ایک بھی ترقیاتی سکیم متعارف نہیں ہو سکی جس کی بڑی وجہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب میں گریڈ 20 کی اسامیوں پر جونیئر افسران کا اضافی چارج کے ساتھ کام کرنا ہے۔ محکمہ کے دونوں ڈائریکٹوریٹ میں گذشتہ چھ ماہ سے ڈائریکٹر جنرل عہدہ کی سیٹوں پر کوئی افسر تعینات نہیں، عہدوں پر جونیئر افسر اضافی چارج کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ کسی بھی جونیئر افسر میں اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ محکمہ کی ترقی کے لئے کوئی نئی سکیم متعارف کرا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل کی دو اہم سیٹوں سمیت 18 ڈائریکٹرز کی آسامیوں پر جونیئر افسران کو تعینات کیا گیا کیونکہ محکمے میں گریڈ 20 کا ایک بھی افسرموجود نہیں جبکہ گریڈ 20 کے ایک افسر کو گذشتہ چھ ماہ سے او ایس ڈی بنا کر سرکاری خزانے سے باقاعدہ تنخواہ دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ایکسٹینشن اور ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کی آسامیاں 20 گریڈ کی ہیں جبکہ ان پر گریڈ 19 کے افسران آن پے سکیل پر کام کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ونگ میں گریڈ 20 کے تین ڈائریکٹرز میں ایک بھی ایسا شعبہ نہیں جس میں ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ گریڈ کے مطابق تعینات ہو تاہم ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن کے ماتحت 14 ڈائریکٹرز کام کر رہے ہیں جن میں ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر لاہور، ڈائریکٹر فارمز، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ایلویشن، ڈائریکٹر اینمل ہیلتھ، ڈائریکٹر اینمل ڈیزیز رپورٹنگ اینڈ سرولنس، ڈائریکٹر سمال ہولڈ ڈیری ڈویلپمنٹ گوجرانوالہ، بیفلو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ پتوکی، ڈائریکٹر بارانی ایریا روالپنڈی، ڈائریکٹر بریڈ ایمپرومنٹ، ڈائریکٹر سمال ہولڈر ریفامنس ملتان، چیف ریسرچ آفیسر پتوکی اور ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر پتوکی کی گریڈ 20 کی آسامیوں پر جونیئر افسران تعینات ہیں۔ محکمہ نے گریڈ 20 کے افسران کی کمی کے باعث ایک سال قبل پروموشن کورس کروایا تھا لیکن تاحال کسی بھی گریڈ 19 کے افسران کوگریڈ 20 میں ترقی نہیں دی گئی جبکہ گریڈ 18 کے بھی ایکسٹینشن ونگ کے افسران کو گریڈ 19 میں ترقی دی گئی ہے جبکہ ریسرچ ونگ کے کسی بھی افسران کو تاحال گریڈ 19 میں ترقی نہیں دی گئی۔
لائیو سٹاک