مکر می! 350 کینال اراضی پر مشتمل والٹن ائیر پورٹ سے ملحقہ مکہ کالونی لاہور کی سب سے بڑی کچی آبادی ہے جو گلبرگ کے انتہائی جنوب مشرق اور کیولری گرائونڈ کے مغرب میں واقع ہے - 22 گلیوں اور چار چار مرلے کے پلاٹوں پر مشتمل یہ آبادی ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں قائم ہوئی تھی ابتدا میں یہاں زندگی کی کوئی بھی سہولت میسر نہ تھی 1985 میں جب میاں نوازشریف وزیر اعلی پنجاب بنے تو اس حلقے کے ایم پی اے میاں فضل حق نے سیوریج ‘ پینے کا پانی ‘ سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی یقینی بنا کر زندگی کی بنیادی سہولتوں سے آشنا کیا - یہی وجہ ہے کہ 1985 سے آج تک اس حلقے میں ہمیشہ نواز شریف کے نامزد نمائندے ہی ممبر قومی و صوبائی اسمبلی اور ناظم منتخب ہوتے چلے آئے ہیں- لیکن افسوس کہ حکومت کی مقررہ کردہ زمین کی قیمت اور ترقیاتی اخراجات ایل ڈی اے میں جمع کروانے کے باوجود ابھی تک مالکانہ حقوق نہیں مل سکے- اس دوران جتنے بھی ایم پی اے اور ایم این اے اس حلقے سے منتخب ہوئے ووٹ لینے کے باوجود کسی نے بھی سنجیدگی سے اس جانب توجہ نہیں دی - دس ہزار افراد پرمشتمل آبادی کو پانی کی قلت کا تو پہلے سامنا تھا اب سیوریج کا پانی بھی مکس ہوگیاہے- جس کی وجہ سے ہر گھرکا کوئی نہ کوئی فرد السر ‘ معدے ‘ بلڈپریشر ‘ شوگر ‘ گردوں کے امراض ‘ گھٹنوں کے درد میں مبتلا دکھائی دیتا ہے - مقامی ناظم‘ نائب ناظم اور کونسلرز کی کاوشوں سے 195 کینال اراضی ‘ قبرستان ‘ کیمونٹی سنٹر اور سکول کے لئے الاٹ کروائی گئی تھی بورڈ آف ریونیو کی جانب سے لیٹر جاری ہونے کے باوجود سول ایوی ایشن یہ اراضی دینے سے انکاری ہے - صاف پانی فراہم کرنے کے لئے ایک ٹریٹ منٹ پلانٹ نصب تھا گزشتہ تین مہینوں سے صرف اس لئے بند پڑا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے متعلقہ کمپنی کے کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی گئی - سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کی وجہ سے شام ہوتے ہی مکہ کالونی اندھیرے میں ڈوب جاتی ہے پولیس کی نااہلی کی وجہ سے مکہ کالونی میںجرائم حد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں۔ مکہ کالونی کی ایک سڑک بلوچ روڈ کے نام سے منسوب ہے اس سڑک کی تعمیر کو چند مہینے ہی گزرے تھے کہ واسا نے سیوریج ڈالنے کے لئے نئی تعمیر شدہ سڑک کو ایک بار پھر کھود دیا حالانکہ سیوریج کا کام مکمل ہوچکا ہے لیکن سڑک کی تعمیر ابھی تک ادھوری ہے جس سے اس سڑک پر نہ صرف کاروبار تباہ ہوچکا ہے بلکہ یہاں رہنے والے اور گزرنے والوں کے لئے بلوچ روڈ ایک اذیت اور نہ ختم ہونے والی تکلیف کا باعث بن چکی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے انتہائی ادب سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ جس حلقے کے لوگ ہر الیکشن میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا بھی اپنا فرض تصور کرتے ہیں ان کے درج ذیل مسائل کو حل کرانا قائد کی حیثیت سے آپ کی ذمہ داری ہے -سب سے پہلے مکہ کالونی کے تمام رہائشیوں( جن کے کاغذات اور رقوم ایل ڈی اے میں جمع ہوچکی ہیں) ان کو مالکانہ حقوق یعنی رجسٹری دلوائی جائی- قبرستان ‘ کیمونٹی سنٹر اور سکول کی تعمیر کے لئے 195 کینال اراضی جو بورڈ آف ریونیو کے حکمنامے کے باوجود سول ایوی ایشن ابھی تک دینے کے لئے آمادہ دکھائی نہیں دیتی اس اراضی کی ملکیت اور قبضہ کو دلوایا جائے - ٹریٹ منٹ پلانٹ کو فوری طور پر چالوکرنے کے لئے لوکل گورنمنٹ کو سختی سے ہدایت کی جائے - بلوچ روڈ کی جلد تعمیر کے حوالے سے واسا کو پابند کیاجائے -یونین کونسل کے ناظم ڈاکٹر ذکا اللہ گھمن اور نائب ناظم حاجی محمد اشفاق اور دیگر عہدیداروں کو اختیارات بحال کئے جائیں کیونکہ انہوں نے اپنے دور میں اپنی یونین کونسل کے لئے بہترین خدمات انجام دی ہیں - سیون اپ چوک میںتعمیرات ختم کرکے ٹریفک کے لئے راستے کھولے جائیں ویگن رکشو ں اور بسوں کے کھڑا ہونے کے لئے ایک جگہ مخصوص کی جائے تاکہ گزرنے والوں کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے-بوسیدہ پائپ لائنیں تبدیل کرنے کے لئے ابتدائی طور پر 15 کروڑ کی جو رقم مختص کی گئی ہے اس رقم سے مکہ کالونی میں سٹیل پائپوں کی تنصیب فوری طور پر شروع کی جائے تاکہ مکہ کالونی کے لوگوں کو بیماریوں سے نجات مل سکے اور وہ بھی صحت مند زندگی بسر کرسکیں- -( محمد اسلم لودھی، کالم نگار و بک رائٹر 0300-9409732)
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024