دوبارہ حملے کا امکان‘  بھارت کا مسئلہ کشمیر پر راضی ہونا بڑی کامیابی، خواجہ آصف

May 15, 2025

لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت پر حملے سے قبل سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے نماز فجر کی امامت کروائی، یہ لمحات رقت آمیز تھے۔ خواجہ آصف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان بھارت کشیدگی میں زخمی ہونے والے  فوجی جوانوں کی عیادت کی۔ وزیر دفاع کے ہمراہ جی او سی 15 ڈیو میجر جنرل عمران خان بابر تھے۔ خواجہ آصف کو زیر علاج زخمیوں کی صحت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع نے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ان جوانوں کے پاس آیا ہوں جو دفاع پاکستان میں زخمی ہوئے۔ ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے پروگرام میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے کہا مودی کا سیاسی سرمایہ ختم ہوگیا ہے، وہ ایک کونے میں لگا ہوا ہے۔ دوبارہ کوئی حرکت کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا اور اس کے عالمی اثرات بھی ہوں گے۔ ساری دنیا ایک کیمپ میں اکٹھی ہوجائے گی اور مودی کو دوستوں کی بھی حمایت نہیں ملے گی۔ خواجہ آصف نے کہا بھارت کا آج آدھے یا پورے کشمیر پر بات کرنے پر آمادہ ہونا پاکستان کی کامیابی ہے۔ پہلے تو وہ مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کو تیار ہی نہیں تھا۔ وزیردفاع نے کہا  ہم پر دبائو نہیں تھا‘ امریکا سمیت تمام دوست ممالک آن بورڈ تھے اور سیز فائر کے حق میں تھے۔ اس لیے ہم نے سیز فائر کیا۔ انہوں نے کہا یہ پہلی لڑائی تھی جس میں سائبر وار فیئر ہوا ۔ کل تک جو پاکستان کو سیریس نہیں لے رہے تھے وہ آج احترام کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

مزیدخبریں