سینٹ، ساجد میر کی وفات پر تعزیتی ریفرنس، اعظم تارڑ کی قرارداد متفقہ منظور 

May 15, 2025

اسلام آباد (خبرنگار) ایوان بالا میں جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر کی وفات پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔ اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال ناصر کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی رحلت اور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں اور دیگر افراد کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے فاتحہ خوانی کرائی۔ بعد ازاں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال ناصر نے کہاکہ پروفیسر ساجد میر اس ایون کے اہم رکن تھے جن کی رحلت پر گہرے دکھ اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اس ایوان کی جانب سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔  سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ پروفیسر ساجد میر ایک شریف النفس انسان تھے۔  سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہاکہ پروفیسر ساجد میر اس ایوان کا وقار اور عزت تھے، وہ شائستگی سے کلام کرتے تھے۔ سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہاکہ پروفیسر ساجد میر کی رحلت اس ایوان کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔  سینیٹر حاجی ہدایت اللہ نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر ایک بڑے عالم دین اور سکالر ہونے کے ساتھ ساتھ جمعیت اہل حدیث کے سربراہ تھے اور انہوں نے اختلاف رائے سے ہمیشہ اجتناب کیا۔  علامہ راجہ ناصر عباس نے کہاکہ ہم سے ایک سینیئر ساتھی جدا ہوئے ہیں، ان کے خاندان اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ سینیٹر شہادت اعوان نے کہاکہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر حافظ قرآن تھے اور ہر قسم کے تعصب سے پاک تھے۔  سینیٹر جان بلیدی نے کہاکہ اس ایوان کے سب سے سینیئر رکن ہم سے بچھڑ گئے ہیں۔ سینیٹر نسیمہ احسان نے کہاکہ پروفیسر ساجد ایک اعلیٰ ظرف انسان تھے ان کی مغفرت کیلئے دعاگو ہیں۔ سینٹر عبدالقادر نے کہا کہ ہمارے انتہائی عزیز اور پرانے ساتھی ہم سے بچھڑ گئے ہیں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاکہ پروفیسر ساجد میر کے ساتھ بہت لمبی رفاقت رہی ہے۔  مذہبی جماعت کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک معتدل مزاج کے عالم دین تھے۔ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ سینیٹر رانا محمود الحسن نے کہاکہ  ان کے ساتھ طویل رفاقت رہی ہے۔ ان کی جماعت اور اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ سینیٹر فوزیہ ارشد نے کہاکہ پروفیسر ساجد میر کی وفات پر ان کی جماعت اور خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔  وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پروفیسر ساجد میر کی وفات پر تعزیتی قراردادپیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

مزیدخبریں