مسئلہ کشمیر لڑائی کی اصل وجہ، لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی بریفنگ 

May 15, 2025

 لندن (عارف چودھری) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے لندن میں ہاؤس آف کامنز میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے اراکین سے ملاقات کی اور ان کو پاکستان و بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ ہائی کمشنر نے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے ارکان کو آگاہ کیا کہ بھارت کی فوجی کارروائیاں بے بنیاد جواز کے تحت پاکستان کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین و اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی ہیں۔ بھارت کا یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے سے دستبرداری کا فیصلہ بھی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔  پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کر دیا ہے کہ پانی کی بندش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فیصل نے برطانیہ اور دیگر دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے صورتحال کی تخفیف میں مثبت کردار ادا کیا۔ واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے انتظام پر کاربند ہے۔ تنازع کی بنیادی وجہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ہے، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

مزیدخبریں