نجی حج سکیم بحران‘ وزیراعظم پاکستان سعودی ولی عہد سے رابطہ کریں: حافظ نعیم 

May 15, 2025

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف سے نجی حج سکیم سے پیدا ہونے والے بحران کے حل کیلئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے خصوصی رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خط لکھا کہ اس مسئلہ سے 67ہزار پاکستانیوں کے سعادت حج سے محروم ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد سے براہ راست رابطہ کریں تو یہ مسئلہ آسانی سے حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کی اعلیٰ سطحی کمیٹی فوری طور پر سعودی عرب بھیجے جو سعودی حکومت کے ساتھ مل کر انتظامات کا جائزہ لے اور انکے مسائل کا حل یقینی بنائے۔ امیر جماعت نے واضح کیا کہ کچھ دن پہلے نائیجیریا کے 40 ہزار حجاج کو اجازت دی گئی ہے‘ وزیراعظم کی بروقت مداخلت سے پاکستانی حجاج کو بھی اجازت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج ٹور آپریٹرز کے مطابق پاکستان کا کوٹہ ختم نہیں ہوا، منیٰ اور عرفات میں جگہ بھی دستیاب ہے،پاکستان کو بھی گنجائش مل سکتی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکومت حجاج کی سعودی عرب بھجوائی گئی رقوم کا تحفظ کرے اور دینی فریضہ ادا نہ کیے جانے کی صورت میں رقوم کی واپسی کو یقینی بنائے۔ نجی حج سکیم بحران کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے انہوں نے کہا کہ انتظامی غفلت کے مرتکب حج آرگنائزر کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ 

مزیدخبریں