غزہ،نیویارک،پیرس (نوائے وقت رپورٹ ) جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس پر اسرائیل کے بد ترین حملے میں 20 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے خان یونس کے یورپی اسپتال کے احاطہ میں 9 بنکر بسٹر بم پھینکے گئے، بم پھٹنے سے کئی مقامات پر زمین پھٹ گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملے میں اب تک 28 فلسطینی شہید جبکہ 70 افراد زخمی بھی ہوئے۔اسرائیل کی جانب سے زخمیوں کو نکالنے والوں پر بھی بمباری کی گئی، بم حملوں کے باعث اسپتال کے قریب کھڑی بس زمین میں دھنس گئی۔ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق خان یونس میں حملے میں حماس کے رہنمائوں کو نشانہ بنایا گیا ، حماس رہنما اسپتال کے نیچے زیر زمین کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس میں تھے۔دوسری جانب فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے یحیی سنوار کے بھائی محمد سنوار کو قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ امدادی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں امداد کی تقسیم کا اسرائیلی منصوبہ مکروہ منصوبہ ہے۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطا بق غزہ میں امداد کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں سربراہ اقوام متحدہ امدادی امور نے ٹام فلیچر نے کہاکہ غزہ میں امداد کی رسائی میں اسرائیل رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 ہفتے سے جنگ زدہ فلسطینی علاقے میں خوراک،ادویات و دیگر اشیا نہیں پہنچیں، بروقت اقدامات کرکے لاکھوں فلسطینیوں کو بچاسکتے ہیں۔سربراہ اقوام متحدہ امدادی امور نے کہا کہ سخت میکنیزم موجود ہے کہ امداد حماس کو نہیں بلکہ عام شہریوں تک پہنچے۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البداوی نے ٹرمپ کی موجودگی میں بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کا قیام اور غزہ میں انسانی بحران کا خاتمہ خطے کی خوشحالی سے جڑا ہے۔ سب سے اہم مسئلہ غزہ کا ہے۔ ہم تنازعہ ختم کرنے اور انسانی خدمات کی بحالی کیلئے مذاکرات کی توقع رکھتے ہیں۔
اسرائیل کی یورپی ہسپتال پر بمباری ‘ مزید 28فلسطینی شہید ِ،70زخمی
May 15, 2025