6اور 7 مئی 2025ء کی درمیانی شب بھارت نے ایک بار پھر اپنی جارحانہ فطرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا۔ لاہور، سیالکوٹ اور بہاولپور سمیت مختلف شہروں پر کیے جانے والے حملوں نے دنیا کو یہ باور کرایا کہ بھارت خطے میں امن کی کوششوں کو مسلسل سبوتاژ کر رہا ہے۔ پاکستان کی بہادر افواج نے ان حملوں کے خلاف نہ صرف فوری ردعمل دیا بلکہ دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاک افواج کی طرف سے کی گئی جوابی کارروائی میں ایک جدید بھارتی ڈرون اور پانچ بھارتی جنگی طیارے تباہ کر دیے گئے جن میں فرانس سے خریدے گئے جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ یہ کارنامہ نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ عالمی تجزیہ کاروں کے لیے بھی نہایت حیران کن تھا کہ کس طرح پاک فضائیہ نے انتہائی محدود وقت میں اتنے بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔
مودی سرکار کی طرف سے پاکستان کے معصوم شہریوں پر کیے جانے والے ان حملوں کے بارے میں کہا گیا کہ یہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں واقع بیسرن وادی میں 22 اپریل کو ہونے والے مبینہ دہشت گردحملے کے جواب میں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے۔ یہ بات پہلے دن سے سامنے آنے والی مختلف معلومات کی بنیاد پر واضح ہوچکی ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن تھا جسے مودی سرکار نے بھارتی صوبے بہار میں انتخابات کے موقع پر عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے استعمال کیا۔ بھارت نے جب اس واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا تو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری سے یہ کہا کہ اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرا لی جائیں، پاکستان اس سلسلے میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ قیامِ امن کے لیے کی جانے والی پاکستان کی اس پیشکش کو اس کی کمزوری کی علامت سمجھتے ہوئے بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات وہ حرکت کی جو حالیہ تاریخ اس میں اس کی بدترین غلط فہمی ثابت ہوئی۔
بھارتی حملے کے جواب میں 10 مئی کی صبح فجر کے وقت افواجِ پاکستان نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا۔ یہ ایک منظم، مربوط اور جچی تلی کارروائی تھی جس کا مقصد بھارتی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانا اور اس کی جارحانہ صلاحیت کو کمزور کرنا تھا۔ اس آپریشن میں پاکستان کے جدید ڈرونز، میزائل سسٹمز اور سپیشل فورسز نے بھرپور کردار ادا کیا۔ اس آپریشن میں بھارتی افواج کو جو شدید نقصان پہنچا اس کے لیے اعداد و شمار کی بحث میں پڑنے کی بجائے میڈیا کے سامنے آ کر پاکستانی آپریشن کے بارے میں بات کرنے والے بھارتی عہدیداروں کے چہروں پر چھائی مایوسی دیکھ لینا ہی کافی ہے۔ بھارتی میڈیا اور حکومتی ذرائع نے پہلے پہل اس کارروائی کو چھپانے کی کوشش کی مگر سیٹلائٹ تصاویر اور غیر ملکی صحافتی اداروں کی رپورٹس نے یہ واضح کر دیا کہ پاکستان نے نہ صرف اپنے دفاع کا حق استعمال کیا بلکہ دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر اپنی عسکری برتری بھی ثابت کی۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بین الاقوامی برادری بالخصوص امریکا نے دونوں ممالک کے درمیان فوری طور پر جنگ بندی کرانے کی کوششیں شروع کیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات تک امریکا ’غیر جانبدار‘ بن کر تماشا دیکھ رہا تھا لیکن جیسے ہی بھارت کی مرمت شروع ہوئی امریکا نے سفارتی ذرائع سے دونوں ممالک کو پیغام دیا کہ جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں، لہٰذا کشیدگی فوری کم کی جائے۔ پاکستان کی جانب سے ہمیشہ کی طرح ایک ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کرتے ہوئے جنگ بندی کی پیشکش کو قبول کیا گیا، جس سے خطے میں ایک بڑی جنگ کے امکانات وقتی طور پر کم ہوگئے۔ 22 اپریل سے 6 مئی تک بھی پاکستان اسی کوشش میں تھا کہ بات اتنی نہ بڑھے کے جوہری قوت کے حامل دونوں ہمسایہ ممالک کی فوجیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ جائیں لیکن مودی سرکار کو جوتے کھائے بغیر یہ بات سمجھ میں نہیں آئی۔
یہ کوئی پہلا موقع نہیں تھا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہو۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاک افواج نے ہمیشہ اپنے خون سے اس وطن کی حفاظت کا فرض نبھایا ہے۔ افواجِ پاکستان کا یہ غیر متزلزل عزم ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر آنچ آئی تو ہر سپاہی آخری گولی اور آخری سانس تک لڑے گا۔ یہ عزم صرف فوج ہی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترجمانی کرتا ہے۔ پاک فوج کی کامیاب اور بھرپور جوابی کارروائی نے دشمن کے حوصلے پست کر دیے۔ افواجِ پاکستان کی قیادت، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کا دفاع کسی بھی سطح پر ناقابلِ تسخیر ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، اس آپریشن نے دنیا کو ایک بار پھر یاد دلایا ہے کہ پاکستان نہ صرف ایک ایٹمی طاقت بلکہ ایک منظم، ذمہ دار اور مستعد فوج کا حامل ملک بھی ہے۔
اس مشکل وقت میں پاکستانی قوم نے جس یکجہتی، حوصلے اور جذبے کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران عوام نے جس طرح پاک فوج سے محبت اور اس پر اعتماد کا اظہار کیا اس نے یہ واضح کر دیا کہ قوم اور فوج جسم اور روح کی مانند ہیں۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوانوں نے بھرپور یکجہتی سے بھارت کی جھوٹی پروپیگنڈا مہم کا منہ توڑ جواب دیا۔ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ دنیا بھارت کی شر انگیزیوں اور جنگی جنون کا نوٹس لے۔ پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے، لیکن اگر اس کی خودمختاری اور شہریوں کی سلامتی پر حملہ کیا گیا تو افواجِ پاکستان نے یہ واضح کر دیا ہے کہ جواب نہ صرف مؤثر بلکہ فیصلہ کن بھی ہو گا۔ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، اور اس کے عوام اور افواج ہمیشہ ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔
دفاعِ وطن کا عزم، پاک افواج کو سلام
May 15, 2025