ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے کہا ہے کہ ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ گوجرانوالہ میں شروع ہو گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر2022 میں شرکت کریگی، یہ ٹورنامنٹ رواں سال ستمبر میں پاناما کے دارالحکومت پاناما سٹی میں کھیلا جائے گا۔ امریکی کوچ رینڈل کی زیر نگرانی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ گوجرانوالہ میں شروع ہو گیا ہے، فیڈریشن نے خصوصی طور پر امریکی کوچ کی خدمات حاصل کی ہیں، وہ آرمز پچنگ میں مہارت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کیمپ میں اس شعبے پر فوکس کیا جا رہا ہے۔ ہدف ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر ہے، امریکی کوچ کی موجودگی میں قومی کھلاڑیوں کو اپنی تکنیک بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔