امتحان کی اجازت نہ ملنے پر ملزم نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی
راولپنڈی (جنرل رپورٹر)تھانہ مورگاہ کے مقدمہ میں نامزد ملزم نے عدالتی احکامات کے تحت امتحان کی اجازت نہ دینے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ کے روبرو دائر درخواست میں اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور ایس ایچ او تھانہ مورگاہ کو فریق بنایا گیا ہے تھانہ مورگاہ راولپنڈی میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 392اور411کے تحت درج مقدمہ مقدمہ نمبر165میں نامزدفیضان خان نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست گزار میٹرک کا طالبعلم ہے اور14مئی کودرخواست گزارکے میٹرک کے امتحا نا ت شروع ہو رہے ہیں جس کے لئے درخواست گز ارنے مجاز ٹرائل کورٹ امتحانات کی غرض سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دی تھی کہ درخواست گزارکے پیپر دلوائے جائیں لیکن جوڈیشل مجسٹریٹ علاقہ تھانہ مورگاہ نے یہ درخواست خارج کر دی جس کے خلاف درخواست گزارنے عدالت میں13مئی کو نگرانی کو دائر کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور ایس ایچ او تھانہ مورگاہ کو ہدایت کی تھی کہ درخواست گزارکو اس کی ڈیٹ شیٹ کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول ڈھوک چراغ دین میں قائم امتحانی مرکز میں پیپر دلوانے کا انتظام کیا جائے اور درخواست گزارکو امتحان دلوایا جائے اور پیپر کے بعد درخواست گزار کو دوبارہ جیل منتقل کر دیا جائے عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اور ایس ایچ او تھانہ مورگاہ کوہدایت کی تھی کہ درخواست گزار کا کوئی پیپر رہنے نہ پائے لیکن متعلقہ حکام نے فیصلہ موصول ہونے کے باوجود درخواست گزارکو امتحان میں شرکت کی اجازت نہ دی جس سے درخواست گزارکا پہلا پیپر مس ہو گیا استدعا ہے کہ فریقین سے جواب لیا جائے۔