پہلا حق پاکستانی فلموں کا ہے‘،ڈاکٹر اسٹرینج کی نمائش پرامر خان مایوس
کراچی (پی پی آئی)اداکارہ امر خان نے سینما میں پاکستانی فلموں کو ہٹاکر ہالی ووڈ فلم ’’ڈاکٹر اسٹرینج‘‘ دکھائے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔اداکارہ امر خان نے جو کہ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ’’دم مستم‘‘ کی مرکزی اداکارہ اور فلم کی مصنفہ بھی ہیں سینما گھروں سے پاکستانی فلموں کو ہٹا کر ہالی ووڈ فلم ’’ڈاکٹر اسٹرینج، دی ملٹی ورس آف میڈنس‘‘ دکھائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔پی پی آئی کے مطابق امر خان نے سینما مالکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’’وہ فلم میکرز جنہوں نے 3 سال لگا کر فلمیں بنائیں اور کووڈ کی وجہ سے یہ فلمیں ریلیز نہ کی جاسکیں۔ تاہم جب پاکستانی فلمیںریلیز ہوئیں اور ان تمام فلموں کے ہاؤس فل گئے تو ایک غیر ملکی فلم کی وجہ سے ان کی 50 فیصد سے بھی زیادہ اسکرینز روک لی گئیں۔اداکارہ امر خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اپنے ملک کی فلم جیسی بھی ہو اس کے ساتھ ایک اپنائیت ہوتی ہے اور ان فلموں کا کمایا ہوا پیسہ اسی انڈسٹری میں واپس آئے گا۔ جب کہ ایک غیر ملکی فلم کا پیسہ دوسرے ملک میں جائے گا۔ عجیب بات یہ ہے کہ ہالی ووڈ فلم ’’ڈاکٹر اسٹرینج‘‘ کے بزنس کو کوئی فرق نہیں پڑتا اگر ایک سے ڈیڑھ ہفتہ یہ فلم پاکستانی سینماؤں میں نہ لگتی۔ لیکن پاکستانی فلموں کے اسکرین سے اتارے جانے پر ایک لوکل پروڈیوسر تباہ ہورہا ہے۔امر خان کا کہنا تھا کہ مقامی فلموں کو بنانے میں، ہدایت کار، اداکار، رائٹر، کیمرہ مین، ٹیکنیشن، میک اپ آرٹسٹ سمیت بہت سے لوگوں کا خون پسینہ شامل ہوتا ہے۔