ثابت ہو گیا عمران ہی قوم کے نجات دہندہ ہیں‘ ملک عامر ڈوگر

ملتان (نمائندہ نوائے وقت)سابق وزیر مملکت و سابق ایم این اے این اے 155 ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کیلئے عوام کو عمران خان کے سنگ حکومت سے نہ صرف نجات دلانا ہوگی بلکہ عمران خان کے حالیہ جلسوں میں عوام کی مثالی شرکت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عمران خان ہی پوری قوم کے نجات دہندہ ہیں، حقیقی ملکی آزادی کے علمبردار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ این اے 155 کی مختلف یونین کونسلوں یوتھ ونگ، خواتین ونگ ملتان سٹی کے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عوامی رابطہ مہم (موبلائزیشن) اور ملتان میں 20 مئی کو ہونے والے جلسہ عام، حقیقی آزادی مارچ برائے اسلام آباد میں عوام کی شرکت کے حوالے سے شہر کی مختلف یونین کونسلوں میں موبلائزیشن کے موقع پر ملک محمد عامر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میر جعفروں اور میر صادقوں کی وجہ سے بیرونی طاقتیں پاکستان میں سازش کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں اور عمران خان کے سنگ اس سازشی ٹولے سے جلد ہی نجات پالیں گے۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ ملتان پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ ہے، 20 مئی کو اپنے محبوب لیڈر عمران خان کے عظیم الشان جلسہ عام کے موقع پر ملتان کے عوام نہ صرف ان کا والہانہ استقبال کرے گی بلکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔