لوڈ شیڈنگ، عدالتی کام بھی متاثر، امتحانی مرکز میں طالبہ بے ہوش
ملتان،رحیم یارخان ،شادن لْنڈ ،کہروڑپکا (سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر، نمائندہ نوائے وقت، نیوز رپورٹر) لوڈ شیڈنگ، عدالتی کام بھی متاثر، امتحانی مرکز میں طالبہ بے ہوش ملتان سیسپیشل رپورٹر کے مطابق ضلع کچہری ملتان میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عدالتی کام متاثر ہونے لگے۔وکلاء نے کچہری میں لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بار بار ٹرپنگ سے عدالتی کام متاثر ہو رہا ہے، شدید گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ضلع کچہری میں وکلاء کے ساتھ سائلین بھی پریشان ہیں۔رحیم یارخان سے کرائم رپورٹر کے مطابق میٹرک امتحانات کے دوران امتحانی مرکز گورنمنٹ بوائز ہائی سکول رکن پور میں اسی علاقہ کی رہائش طالبہ حجاب بی بی پرچہ دینے کے لئے امتحانی سنٹر پہنچی جہاں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث گرمی لگنے سے طالبہ حجاب بی بی بے ہوش ہو گئی جسے امتحانی مرکز عملہ نے فوری طورپر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔شادن لْنڈ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شادن لْنڈ، قصبہ کالا ، شاہ صدردین، دری ڈھولے والی، کالا کالونی اور پل قمبر احمدانی سمیت ملحقہ علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔کہروڑپکاسے نیوز رپورٹر کے مطا بق نواحی علاقہ قادر پور چمنہ کے شہریوں نے لائن سپرنٹنڈنٹ محمد افضل کیخلاف احتجاج کیا۔ شہریوں نے کہا کہ لائن سپرنٹنڈنٹ محمد افضل کے مخصوص علاقوں میں وولٹیج پورا کرنے کے لیے بجلی بند کرنے سے گھروں اور مسجدوں میں پانی کی شدید قلت پا ئی جا رہی ہے گرمی کی شدت کی وجہ سے غریب افراد پنکھے کی ہوا کو بھی ترس گئے ہیں جبکہ مخصوص علاقوں میں با اثر افراد کے اے سی اور ٹیوب ویل کو وولٹیج پورا کیاجارہا ہے۔ کوٹ ادو سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سارا سارا دن سوئی گیس نہیں ہوتی شام چھ بجے سے رات نو بجے تک گیس دی جاتی پھر صبح چھ سے آٹھ بجے تک۔ باقی سارا ٹائم لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔