عمران خان اقتدارگنواکر سر پیٹ رہے‘حکومت گرانے والے بھی حواس باختہ ہیں: لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پاکستان بزنس فورم کی میثاق معیشت سیمینار، سید مودودی سالانہ ڈنر اور عوامی وفود، سیاسی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان حکومت گنواکر سر پیٹ رہے ہیں۔ حکومت گرانے والے بھی حواس باختہ ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں کا مشترکہ ایجنڈا معیشت کی تباہی، آئی ایم ایف کے ساتھ بدترین شرائط پر معاہدوں پر عملدرآمد، قومی حالات، قومی ترجیحات پر مجرمانہ غفلت اور عوام پر مہنگائی، بے یقینی کے کوڑے برسانا ہے۔ عمران خان عوامی جلسوں میں وہ زبان اور بیانیہ اختیار کررہے ہیں جو خود ان کے لیے تباہی اور ملک کے لیے نقصان کا باعث ہے۔ سیاست میں اپنے حامیان کا استحصالی لہجہ بہت ہی کڑوے نتائج لاتا ہے۔