گرمی کی لہر مئی کے آخر تک برقرار رہے گی، محکمہ موسمیات
کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ کے بیشتر علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میںہیں جبکہ پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا۔ہفتہ کو شہر قائد میں سال کا گرم ترین دن رہا‘ درجہ حرارت 42.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجبکہ سندھ کے مختلف علاقوں میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا ہے جس میں موہنجودرو،نوابشاہ، ، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور بدین شامل ہیں۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق آج درجہ حرارت مئی کے اوسط سے 7ڈگری زیادہ رہا، مئی کا اوسط درجہ حرارت 35ا عشاریہ8ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔سردار سرفراز کے مطابق آج سے کراچی کے درجہ حرارت میں 2 سے 3ڈگری کمی کا امکان ہے، یوں درجہ حرارت 38 سے 36 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔ملک بھر میں جاری گرمی کی لہر مئی کے آخر تک شدت کے ساتھ برقرار رہ سکتی ہے۔