کراچی یونیورسٹی میں طالبعلم پر تشدد، انکوائری کا حکم
کراچی (نیوز رپورٹر)جامعہ کراچی میں سیکیورٹی اہلکار کے طالب علم پرتشدد کے معاملے پر انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے سیکریٹری یونیورسٹیز اور وی سی جامعہ کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی تازہ لہر کی وجہ سے ہم غیر معمولی صورتحال سے گزر رہے ہیں لیکن چیکنگ کے نام پر کسی پر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے حالات میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے غیررواجی اقدامات لازم ہو گئے ہیں تاہم ان اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے یونیورسٹی سے متعلقہ افراد کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور اعتماد لازم ہے۔ وزیر جامعات سندھ نے کہا کہ طلبہ ہمارے ملک و قوم کا مستقبل اور سرمایہ ہیں، تعلیم اور تدریس کے ساتھ ان کی حفاظت بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔