وزیراعظم کی ہدایت پر واٹر کمیشن کا وفد سکھر بیراج پہنچ گیا
کراچی (نیوز رپورٹر) وزیر اعظم کی ہدایت پر سندھ میں پانی کی کمی کی وجوہات جاننے کے لئے پاکستان واٹر کمیشن کے جوائنٹ سیکریٹری مہر علی شاہ اعلی سطحی وفد کے ہمراہ سکھر بیراج پہنچ گئے۔پنجاب اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی بھی وفد میں شامل ہیں۔ وفد نے جائزہ لینا شروع کردیا ہے کہپنجاب سے جو پانی چھوڑا وہ کہاں غائب ہوگیا؟ ۔ سندھ کے تحفظات کیوں ہیں اور اب صورتحال کیا ہے ۔ دوسری جانب کنٹرول روم انچارج سکھر بیراج عبدالعزیز سومرو کا کہنا ہے کہ سندھ میں مجموعی طور پر پانی کی کمی 53فیصد برقرار ہے جبکہ گڈو بیراج پر پانی کی کمی 85 فیصد اور سکھر بیراج پر 43 فیصد ہے۔ عبدالعزیز سومرو نے کہا کہ کوٹری بیراج پر پانی کی کمی 66 فیصد ہے جبکہ گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں مزید تین ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر ڈھائی ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا ہے اور کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں پانچ سو کیوسک کا اضافہ ہوا ہے۔ انچارج کنٹرول روم نے بتایا کہ گڈو بیراج پر پانی کی سطح 47 ہزار کیوسک، سکھر بیراج پر35 ہزار کیوسک اور کوٹری بیراج پر پانی کی سطح 5ہزار 600 کیوسک ہے۔