تحریک انصاف کراچی کے ضمنی انتخابات سے آئوٹ ہوگئی
کراچی (نیوز رپورٹر) ملک بھر میں جلسوں کے ذریعے فوری الیکشن کا مطالبہ کرنے والی پاکستان تحریک انصاف بوجوہ کراچی کے ضمنی انتخابات سے آؤٹ ہوگئی۔ ا لیکشن کمیشن نے این اے 240 کورنگی کے ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کی واحد امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے، دوسری جانب ایم کیوایم کے تمام 8 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے نامعلوم وجوہات کے سبب صرف ایک اور غیرمعروف امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے اور کوورنگ کینڈیڈیٹ کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی گئی تھی۔ ریٹرننگ آفیسر نے تحریک انصاف کی امیدور سیدہ بانو کے کاغذات نامزدگی تجویز اور تائید کنندہ کے دستخط جعلی ہونے پر مسترد کیے، ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ تجویز اور تائید کنندہ اپنے دستخط کی تصدیق کیلئے پیش بھی نہیں ہوئے۔ ریٹرننگ آفیسر نے آزاد امیدوار ندیم ساجد اور نذرعباس کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے ہیں جبکہ مختلف جماعتوں کے 39 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ این اے 240 کورنگی کی نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔