آئی ٹی کے شعبہ کا ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کر دارہے: صدر علوی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی تیز رفتار ترقی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ کو ترجیح دیکر پاکستان کم وقت میں ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے، آئی ٹی کے شعبہ کا ملکی معیشت کی ترقی اورلوگوں کو روزگار کی فراہمی میں نمایاں کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ جناح پارک میں ’’فیوچر فری لانس فیسٹ 2022‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام جے ایس بینک نے پاکستان فری لانس ایسوسی ایشن اور دیگر اداروں کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب میں سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے چیئرمین عامر ہاشمی اور جے ایس بینک کے عمران حلیم شیخ سمیت مختلف اداروں کے سی ای اوز اور آئی ٹی کے ماہرین نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کا جذبہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنائے گا، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں ترقی سے پاکستان کا مستقبل روشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہیومن ریسورس کی کمی نہیں، نوجوانوں کوموجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تربیت یافتہ بناکر ان کے لئے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی میں آگے بڑھنے کے لئے بھرپور کام کرناہوگا، نوجوانوں کی فنی تربیت کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو ہنر مند اور معاشی طور پر خود کفیل بنانا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز کی جانب راغب کیا جارہا ہے، چھہ ماہ کے دوران 22 لاکھ افراد کو ڈیجیٹل سکلز کی تربیت دی گئی، ڈیجیٹل مہارتوں کے کورس کے تربیت یافتہ اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے بعض نوجوان ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک کمارہے ہیں جو ایک بڑی پیش رفت ہے۔ صدر نے آئی ٹی ماہرین اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جدت کی جانب اپنی توجہ مرکوز کریں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ کو سہولیات کی فراہمی سے ہنرمند افرادی قوت تیار ہوگی اور اس کے نتیجے میں ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔