حنیف عباسی کے بطور معاون خصوصی تقرر پر نظر ثانی، وزیر اعظم کو سمری ارسال کردی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کے بطور معاون خصوصی تقرر پر نظر ثانی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کو سمری ارسال کردی گئی کابینہ ڈویژن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی حنیف عباسی کی تعیناتی پر عدالتی احکامات کی روشنی میں نظرثانی کی سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے کابینہ ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری خرم غزنوی نے عدالتی نوٹس پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں عبوری رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو وزارت قانون و انصاف کے ذریعے سمری بھجوا دی ہے جس میں انہیں حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی تعیناتی کے معاملے پر عدالتی احکامات کی روشنی میں نظرثانی کرنے کا کہا گیا ہے۔ یہ عبوری رپورٹ ہے، پٹیشن پر شق وار جواب اور حتمی رپورٹ وزیراعظم کے آرڈر کے بعد جمع کرا دی جائے گی۔ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے حنیف عباسی کو وزیراعظم شہباز شریف کا معاون خصوصی بنانے کے 27 اپریل 2022 کے نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا تھا۔ پٹیشنر کے مطابق حنیف عباسی ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا یافتہ ہیں جن کی سزا کے خلاف اپیل لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، ہائی کورٹ سے سزا صرف معطل ہوئی ہے، کاالعدم نہیں۔ سزا یافتہ شخص کو پی ایم کا معاون خصوصی نہیں بنایا جا سکتا۔عدالت نے پٹیشن پر کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وزیراعظم کو معاملے پر نظر ثانی کی ہدایت کی تھی۔ کیس کی آئندہ سماعت 17 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کریں گے ۔