چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی یو اے ای کے سفارتخانے پہنچ گئے
اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر اظہار افسو س کیلئے یو اے ای کے سفارتخانے پہنچ گئے۔ چیئرمین سینیٹ نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کا انتقال نہ صرف یو اے ای کی عوام کیلئے بڑا نقصان ہے بلکہ پاکستانیوں اور امت مسلمہ کیلئے بھی بڑا صدمہ ہے۔پاکستان ایک سچے اور مخلص دوست سے محروم ہوگیا ہے۔ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی انسانیت اور مسلم امہ کی ترقی وخوشحالی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ وہ یو اے ای کی حکومت اور عوام کی دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تبارک تعالی محروم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔ چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی کے ہمراہ پارلیمانی وفد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد حزب اختلاف سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹرز پرنس احمد عمر زئی، مولانا عبدالغفور حیدری، عبدالقادر، دوست محمد، نصیب اللہ بازئی شامل تھے۔پارلیمانی وفد نے یو اے ای کے پاکستان میں قائم سفارتخانے میں محروم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔