فن لینڈ نیٹو میں شامل ہوا تو ایٹمی میزائل مارسکتے ہیں ، روس کی امریکہ ، برطانیہ کو دھمکی
ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) روس نے فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت پر برطانیہ اور امریکہ کو دھمکی دی ہے کہ سلامتی کو خطرہ ہوا تو جوہری ہتھیار استعمال کر سکتے ہیں فن لینڈ کو دس سیکنڈ میں میزائل سے نشانہ بنا سکتے ہیں نائب چیئرمین روسی دفاعی کمیٹی الیکیسی زوور اولیوف نے کہا کہ فن لینڈ کو نیٹو میں شمولیت کیلئے امریکہ اور برطانیہ نے اکسایا امریکہ سلامتی کے درپے ہوا تو وہاں سے جوہری راکھ نکلے گی امریکہ نے روس کو دھمکی دی تو سپرسانک میزائل امریکہ کیلئے ہوگا۔ روس کا پڑوسی ملک فن لینڈ مغربی دفاعی (نیٹو) میں شمولیت کا خواہاں ہے اور روس کی جانب سے یوکرائن پر حملے کے بعد اس نے کوششیں مزید تیز کر دی ہیں اس حوالے سے امکان ہے کہ فن لینڈ کے صدر ساؤلی نینستو اتوار کو نیٹو میں شمولیت کی باضابطہ درخواست کر سکتے ہیں۔ اب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے فن لینڈ کے صدر ساؤلی نینستو کو خبر دار کیا ہے کہ فن لینڈ کی جانب سے عسکری غیر جانبداری کو ختم کرنا ایک غلطی ہوگی۔ ترکی نے فن لینڈ اور سوئیڈن کے نیٹو میں شمولیت کی مخالفت کر دی غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انقرہ کیلئے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ یوکرائن پر روسی جارحیت کے اس ماحول میں فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کرے۔