قیام پاکستان سے کچھ دِن پہلے ایک صحافی نے حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ سے پوچھا کہ ’’ آپ شیعہ ہیں یا سُنی؟‘‘۔ تو آپؒ نے جواب دِیا کہ ’’ مَیں تو ایک عام مسلمان ہُوں البتہ ہم سب مسلمان مل کر ’’ باب اُلعلم ‘‘ حضرت علی مرتضیٰ ؓ کا یوم ولادتؔ اور یوم شہادتؔ مل کر مناتے ہیں ‘‘۔ معزز قارئین!۔ دُنیا بھر میں ’’ کورونا وائرس‘‘ کے ’’ عذابِ الیم‘‘ کے باوجود آج ،21 رمضان اُلمبارک( 15مئی )کوپاکستان سمیت دُنیا بھر کے مسلمان ’’ باب اُلعلم‘‘ کا یوم شہادتؔ منا رہے ہیں ۔ 18 ذوالحجہ 10 ہجری کو ’’ غدیر خُم‘‘ کے مقام پر ، حضور پُر نُور صلی اللہ علیہ و آلہ وَسلم نے حضرت علی مرتضیٰؓ کا ہاتھ پکڑ کر اپنے خطبے میں فرمایا کہ’’ جِس کا مَیں مولا ہُوں۔ اُس کا علیؓ بھی مولا ہے۔ یا اللہ ! آپ اُس شخص کو، دوست رکھیں ، جو علیؓ کو دوست رکھے اور جو علی ؓ سے عداوت رکھے ،آپ بھی اُس سے عداوت رکھیں ۔!‘‘۔ عربی زبان میں مولاؔ کے معنی ہیں ۔ ’’آقا، سردار اور رفیق‘‘ ۔ علاّمہ اقبالؒ نے مولا علی ؓ کے حوالے سے اپنے بارے میں کہا تھا کہ …
’’بغض ، اصحابِ ثلاثہ سے ،نہیں اقبالؒ کو!
دِق مگر ، اِک خارجی ؔسے ، آ کے ، مولاؔئی ہُوا!‘‘
…O…
معزز قارئین! اپنے جدّی پُشتی پیر و مُرشد خواجہ غریب نواز، نائب رسول ؐ فی الہند، حضرت خواجہ مُعین اُلدّین چشتیؒ کے پیرو کار اورعلامہ اقبالؒ کے مُقلد کی حیثیت سے مَیں نے اپنی لکھی کئی نعت ہائے رسول مقبول ؐ میں مولا علی ؓ اور اہل بیتؓ کا تذکرہ کِیا ہے ۔ ایک اردو نعت کے دو شعر یوں ہیں …؎
’’یوں ضَو فِشاں ہے ، ہر طرف ، کردار آپؐ کا!
ارض و سماء ، ہے حلقۂ انوار ، آپؐ کا!
…O…
مولا علیؓ و زَہرا ؓ، حسنؓ اور حُسینؓ سے!
عرشِ برِیںسے کم نہیں ، گھر بار آپؐ کا!‘‘
…O…
میری پنجابی نعت کے دو بند یوں ہیں …؎
’’سَرچشمہ ، حُسن و جمال ، دا!
کِسے ڈِٹھّا نہ ، اوسؐ دے نال دا!
ربّ گھلّیا ، نبیؐ ، کمال دا!
مَیں غُلام ، اوسؐ دی ، آلؓ دا!
…O…
بُوہا ؔعِلم دا ، تے مہاؔبلی!
اوہداؐ جانِشین ، علیؓ وَلی!
جیہڑا ، ڈِگدیاں نُوں، سنبھال دا!
مَیں غُلام ، اوسؐ دی ، آلؓ دا!‘‘
…O…
معزز قارئین! اِس سے پہلے 25 فروری 1969 ء کو اللہ تعالیٰ نے مجھے فرزندِ اوّل عطا کِیا ۔ مَیں نے اپنے والد صاحب ’’ تحریک پاکستان کے (گولڈ میڈلسٹ) کارکن‘‘ رانا فضل محمد چوہان کی فرمائش پر اُس کا نام ذوالفقار علی چوہان رکھا ۔ ’’ ذوالفقار علیؓ ‘‘ وہ دو دھاری تلوار ، جو پیغمبر انقلاب ؐ کو غزوۂ بدر ؔ میں مالِ غنیمت میں ملی تھی۔ ذوالفقارؔ پر دندانے اور کھدی ہُوئی لکیریں تھیں ، پھر اُس کا نام ’’ ذوالفقار ِ علیؓ ‘‘ پڑ گیا۔ میری خوش قسمتی ہے کہ’’ مَیں نے جمہوریہ تُرکیہ کے شہر استنبول کے"Topkapi Museum"میں دو بار ’’ ذوالفقار ِ علیؓ ‘‘ کی زیارت کی ۔ذوالفقار علی چوہان کے بعد میرے دوسرے چار بیٹوں کے نام حضرت علی ؓ پر ہیں اور پانچوں پوتوں کے بھی ۔ میری سب سے پیاری بیٹی عاصمہ معظم ریاض کے بیٹے کا نام بھی علی امام ہے ۔
مَیں نے اپنے کئی کالموں میں لکھا کہ ’’ 1980ء کے اوائل میں میرے خواب میں خواجہ غریب نوازؒ میرے گھر رونق افروز ہُوئے ۔ آپؒ نے میری طرف مُسکرا کر دیکھا ۔ مَیں نے آپ ؒ کی خدمت میں سلام عرض کِیا ،آپؒ مُسکراتے ہُوئے غائب ہوگئے، پھر آپؒ کی برکات سے ،مختلف صدور اور وزرائے اعظم کی میڈیا ٹیم کے رُکن کی حیثیت سے میرے لئے بہت سے غیر ملکی دوروں کے دروازے کُھل گئے ۔ مَیں نے ستمبر 1983ء میں خواب میں دیکھا کہ ’’ مَیں خشک دریا میں چلنے لگا تو ، پتہ چلا کہ وہ تو، دلدل ہے ‘‘۔ مَیں گھبرا گیا ۔ میرا جسم دلدل میں دھنستا جا رہا تھا ۔ اچانک میرے مُنہ سے ’’ یاعلیؓ!‘‘ کا نعرہ بلند ہُوا، پھر مجھے یوں محسوس ہُوا کہ کسی "Crane" نے مجھے دلدل سے نکال کر دوسرے کنارے پر اُتار دیا۔ مجھے کسی غیبی آواز نے بتایا کہ ’’ تُم پر مولا علیؓ کا سایۂ شفقت ہے!‘‘۔
میری زندگی کا حاصل یہ ہے کہ ’’ مجھے ستمبر 1991ء میں ( ’’ نوائے وقت‘‘ کے کالم نویس کی حیثیت سے) صدرِ پاکستان جناب غلام اسحاق خان کی میڈیا ٹیم کے رُکن کی حیثیت سے اُن کے ساتھ خانہ ٔ کعبہ میں داخل ہونے کی سعادت حاصل ہُوئی۔ اِس میں کچھ نہ کچھ ثواب تو، جنابِ مجید نظامی ؒ کو بھی ملا ہوگا۔ میرے خیال میں شاید ’’ حضرت علی مرتضیٰ ؓ نے ہمارے آج کے حکمرانوں اور سابق حکمرانوں کو مخاطب کر کے فرمایا کہ ’’ جِن لوگوں نے اونچے اونچے مکانات بنائے اور مال و اولاد سے فائدہ اُٹھایا تو ،اُن کے گھروں پر ایسی طوفانی آندھی چلی کہ گویا وہ لوگ ، تاریخِ معینّہ تک تھے ‘‘۔ معزز قارئین!۔کوئی نہ کوئی آندھی تو آپ نے بھی دیکھی ہوگی؟۔ مولا علی ؓ کی شان میں میری اردو منقبت کے پانچ شعر یوں ہیں …؎
’’تُم کو ملی ہے، بزمِ طریقت میں صندلی!
تمہارا خَوشہ چِین ہے ، ہر پِیر ، ہر ولی !
علی ؓ علیؓ
ہو بابِ عِلم ، عِلم میں عالی مقام ہو!
خیبر شِکن ضَرور ہو، پر دِل ہے مخملی!
علی ؓ علیؓ
تُم نائب رسول ؐ ہو اور رُکن پنجتن!
ظاہر ہے تُم پہ رازِ حقیقت ، خفی ، جلی!
علی ؓ علیؓ
مولائے کائنات ہو ، مُشکل کُشا بھی ہو!
دیکھا نہ آسمان نے تُم سا مہا ؔبلی!
علی ؓ علیؓ
سیراب کرتے جائو، ہر اِک تشنہ کام کو!
آجائو، آ بھی جائو، مِٹے دِل کی بے کلی!
علی ؓ علیؓ