سانحہ بارہ مئی سے متعلق کیس میں مئیر کراچی وسیم اختر اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

مئی 15, 2018 | 22:12

ویب ڈیسک

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 12 مئی کے مقدمات پر سماعت ہوئی، عدالت میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت نے سانحہ 12مئی کے ایک مقدمے میں میئرکراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزمان کی جانب سے فرد جرم سے انکار پر عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کے مزید گواہوں کو طلب کرلیا جبکہ دیگر 3مقدمات میں وکلاء کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ ہوسکی. بعد ازاں عدالت نے مقدمات کی سماعت 23 جون تک ملتوی کر دی۔ میئر کراچی سمیت دیگر ملزمان پر سانحہ 12 مئی کے 7 مقدمات درج ہیں۔ مقدمات میں وسیم اختر سمیت 19 ملزمان ضمانت پر رہا ہیں جبکہ 16 ملزمان کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے اور ایک ملزم گرفتار ہے۔ عدالت کےباہر میڈیا سےگفتگو میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ انہیں سانحہ 12مئی کے مقدمے میں پھنسا کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس کیس کی ازسر نو تحقیقات کی جائے.

مزیدخبریں