رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ذخیرہ اندوز بھی سرگرم، اشیاء ضروری کئی گنا مہنگی
ملتان (سماجی رپورٹر) رمضان کے مقدس مہینہ کے قریب آتے ہی اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔ رمضان شریف میں زیادہ استعمال کی جانے والی اشیاء لیموں‘ سیب‘ کیلا‘ کھجور‘ چینی‘ مشروبات‘ گھی‘ مرغی وغیرہ کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق رمضان شریف کے مقدس مہینہ کے قریب آتے ہی ذخیرہ اندوزوں اور دکانداروں نے مسلمانوں کو چیزیں سستی دینے کی بجائے اس مہینہ کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔ اس مقدس مہینہ میں زیادہ استعمال کی جانے والی اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لیموں دیسی چند روز قبل مارکیٹ میں 130 روپے کلو فروخت کیا جا رہا تھا جبکہ موجودہ قیمت 250 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔‘ ادرک 120 سے 190‘ چینی 100 روپے فی بوری‘ سیب گولڈن 90 سے 110‘ سیب کالا کلو 130 سے 190‘ کیلا اول 50 سے 130‘ کیلا دوئم 30 سے 100‘ سٹابری 80 سے 150‘ فالسہ 150 سے 200‘ گنڈیری 40 سے 60 روپے‘ کھجور 150 سے 200 روپے‘ آڑو 110 سے 170‘ گرما سردا20 سے 40‘ تربوز 20 سے 40 روپے فی کلو اضافہ کر کے شہریوں کو لوٹا جانے لگا۔ اسی طرح چینی فی بوری 100 روپے اضافہ کے ساتھ‘ گھی‘ آئل‘ دالوں کے نرخ بھی بڑھا دئیے گئے جبکہ مشروبات کی قیمتوں میں بھی 30 سے 40 روپے فی بوتل اضافہ کر دیا گیا۔