اربوں روپے کی لاگت سے جنوبی پنجاب میں ہسپتال بنائے‘ خواجہ سلمان رفیق
مظفرگڑھ(نامہ نگار)پنجاب کے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے بہت زیادہ کام کیا ہے ،اربوں روپے کی لاگت سے جنوبی پنجاب کے علاقے میں نئے ہسپتال تعمیر کیے گئے اورغریب خاندانوں میںہیلتھ انشورنس کارڈز تقسیم کیے گئے ،30مئی تک ہیلتھ انشورنس پروگرام سے20لاکھ غریب ترین خاندان مستفید ہونگے۔تفصیلات کیمطابق پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ترکی کے تعاون سے بننے والے رجب طیب اردگان ہسپتال کے 240بیڈز کے توسیعی منصوبے کے ترقیاتی کام کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر انھوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں جاری تعمیراتی کام جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف رجب طیب اردگان ہسپتال کے توسیع منصوبے کا افتتاح چنددنوں میں کریں گے ،جنوبی پنجاب کا پہلا ری ہیبلی ٹیشن سنٹر بھی رجب طیب اردگان ہسپتال میں بنایاگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے12اضلاع میں غریب ترین خاندانوں کے لیے ہیلتھ انشورنس پروگرام جاری ہے ،ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازیخان میںڈھائی ارب روپے کی لاگت سے میڈیکل کالج تعمیر کیا گیا ،ڈیرہ غازیخان میں ہی اگلے سال500بیڈز کا ہسپتال مکمل کرلیا جائیگا،ملتان میں کڈنی انسٹیٹیوٹ ،برن یونٹ ،بلڈسنٹراور شہبازشریف ہسپتال کے اربوں روپے کے منصوبے مکمل کیے گئے،پنجاب کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ بہاولپور میں410بستروں کا سول ہسپتال مکمل کیا گیا اور150بستروں کا ہسپتال جلد مکمل کرلیا جائیگا۔خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں رجب طیب اردگان ہسپتال کی اوپی ڈی ،ریڈیالوجی اورپتھالوجی کے شعبے فنکشنل ہوجائینگے ۔ان کا کہنا تھا کہ رجب طیب اردگان ہسپتال کا مکمل ماسٹر پلان تیار ہے ،پہلا فیز چنددنوں میں مکمل ہوجائیگا ،دوسرا فیز بھی جلد شروع ہوگا،رجب طیب اردگان ہسپتال کی وجہ سے نشتر ہسپتال ملتان پر بوجھ بہت کم ہوجائیگا اور رجب طیب اردگان ہسپتال سے پنجاب کے اضلاع ملتان،ڈیرہ غازیخان ،راجن پور اور لیہ کے علاوہ بلوچستان اور سندھ کے لوگ بھی مستفیدہونگے ۔قبل ازیں وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق رجب طیب اردگان ہسپتال پہنچے تو انھیں ہسپتال کی تعمیراتی کمپنی کے آفیسران کی جانب سے توسیع منصوبے کے ترقیاتی کام سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں وزیر صحت کو آگاہ کیا گیا کہ ہسپتال کے توسیعی منصوبے کے فیز ون کاتعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور 30مئی سے قبل فیزون مکمل کرلیا جائیگا،وزیر صحت نے تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پراے ڈی ایل آرعطاء الحق بھی موجود تھے ۔