ائرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تین بڑی برادریوں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) آئندہ انتخابات میں حلقہ این اے 60 کے علاقہ ائرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تین بڑی برادریوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کردی۔ علاقہ کی راجہ برادری‘کیانی برادری اور پٹھان برادری نے حلقہ این اے 60 اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے شیخ رشید اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی مکمل سپورٹ کا اعلان کرتے ہوئے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔پی ٹی آئی کے رہنما چودھری عدنان‘ راجہ یاسر ایڈووکیٹ‘ ایم پی اے اعجاز خان جازی‘ عارف عباسی اور چودھری زبیر کی کوششوں سے گلبہار کالونی کی تین بڑی برادریوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اور امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حلقہ این اے 60 سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی اور انہیں کامیاب کرائیں گے۔ انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ اس سے پارٹی کا گراف مزید بلند ہوگا۔گلبہار کالونی کی تینوں بڑی برادری چودھری عدنان ایم پی اے‘ اعجاز خان جازی‘ راجہ یاسر ایڈووکیٹ‘ یاسر اعوان اور چودھری زبیر کی کاوشوں سے شامل ہوئیں۔