ملک کی بنیادوں سے اینٹیں نکال کر اپنے محل کھڑے کرنے کے عمل کو روکنا ہوگا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ڈی جی نیب ناصر اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن ، بدعنوانی اور اقربا پروری جیسے بنیادی عناصر کی وجہ سے ہمارا معاشرہ پستی کا شکار ہے ، کرپشن صرف پاکستان ہی کا نہیں بلکہ ایک عالمگیر مسئلہ ہے جس کا حل صرف اور صرف قانون کی بالادستی میں ہے۔ آئیسکو نے اپنے انتظامی امور اور پیشہ ورانہ امورمیں شفافیت لا کر دیگرملکی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور اداروںکے لئے ایک رول ماڈل قائم کردیا ہے جس کیلئے آئیسکو مینجمنٹ مبارکباد کی مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی نیب نے آئیسکو اور نیب کے تعاون سے واپڈا سٹاف کالج میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ آئیسکو کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے لئے نیب کے شانہ بشانہ ہے اور اسی سلسلے کوآگے بڑھاتے ہوئے نیب کے اشتراک سے آئیسکو افسران کی آگاہی کے لئے سیمنار کا انعقاد کیا گیا جس میں آئیسکو انتظامیہ اور پانچوں آپریشن سرکلز کے تمام فیلڈ افسران نے بھرپور شرکت کی۔ آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو باسط زمان احمد نے ڈی جی نیب اور انکی ٹیم کو آئیسکو کے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ آئیسکوشاندار روایات کی حامل بہترین ترسیلی نظام اور بہترین انتظامی و افرادی قوت پر مشتمل ڈسٹری بیوشن کمپنی ہے جس نے ہمیشہ اپنے تمام تر معاملات میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کے فروغ کو ترجیح دی ڈی جی نیب کا کہنا تھا کہ ملک کی بنیادوں سے اینٹیں نکال کر اپنے محل کھڑے کرنے کے عمل کو روکنا ہوگا،جہاں کمی بیشی ہے اسے دور کرنا ہوگا،ذاتی فوائد کی بجائے ملکی فوائد کو ترجیح دیں ۔ انھوں نے مز ید کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے مرحلہ وار پالیسیاں لارہا ہے ۔