سی ڈی اے کی زون تھری میں ہائوسنگ سوسائٹیز کو تعمیرات کی اجازت دینے کی تیاریاں
اسلام آباد(وقائع نگار) وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے ) کی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے بنی گالہ کے حوالے سے فیصلے کی آڑ میں زون تھری میں ہاوسنگ سوسائیٹز کو تعمیرات کی اجازت دلوانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں وزیرمملکت کی خواہش پر سی ڈی اے کے شعبہ پلاننگ نے شاہ اللہ دتہ، مارگلہ ٹاون فیز تھری ، شاہدرہ میںبااثر افراد کو فوائد دینے کے لیے نئی سمری تیار کرلی ہے ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی انتظامیہ اسلام آباد کے نیشنل پارک ایریا میں واقع زون تھری میں پابندی کے باوجود نجی ہاوسنگ سوسائیٹیز کو فوائد دلوانے کے لیے نئی اصطلاحات لانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے بنی گالہ کے حوالے سے لیے گئے ازخود نوٹس کا سہارا لے کر مذکورہ ایریا ز میں واقع بااثرافراد کی تجارتی مقاصد کے لیے خریدی گئی زمینوں کو فوائد پہنچانے کی عملی طورپر کوشش شروع کردی گئی ہے سی ڈی اے کے شعبہ پلاننگ و ڈیزائن کے ایک سنیئر عہدیدار نے نوائے وقت کے استفسار پر بتایا کہ چیئرمین سی ڈی اے کے دباو پر زون تھری میں واقع شاہ اللہ دتہ ، مارگلہ ٹاون اور خصوصی طورپر شاہدرہ کو ہدف رکھ کر نئی اصطلاحات تیار کی جارہی ہیں تاکہ ان علاقوں میں جن بااثر افراد نے ہاوسنگ سکیموں کے لیے زمینیں خرید رکھی ہیں انہیں کاروباری فوائد بہم پہنچائے جاسکیں اس عہدیدار کے مطابق شاہ اللہ دتہ زون تھری میں واقع ہونے کے باعث اسوقت بیورو کریسی کے لیے درد سر بنا ہوا ہے کیونکہ درجنوں بیوروکریٹس نے اس ایریا میں زمینیں خرید رکھی ہیں اور وہ یہاں پر کثیر منزلہ عمارتوں کے منصوبے شروع کرنے کے متمنی ہیں اسی طرح وزیر مملکت کی دلچسپی زون تھری میں واقع مارگلہ ٹاون کے فیز تھری شامل ہے جہاں وہ نئی سکیم بنوانے کے لیے طویل عرصے سے کوشش کررہے ہیں ۔