کسی کو ریلوے اراضی پر قبضہ نہیں کرنے دینگے: ڈی ایس ملتان
ملتان (سپیشل رپورٹر) محکمہ ریلوے کی جانب سے ساہیوال سیکشن پر9 ان مینڈلیول کراسنگ پر سیفٹی پول نصب کرنے اور ان پر سولر لائٹ لگانے کا کام آئندہ ہفتہ مکمل کر لیا جائے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے سے مذکورہ ریلوے کراسنگ پر حادثات کا امکان کم ہو سکے گا۔ ریلوے بیڈمنٹن ہال کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ بات ڈی ایس ریلوے ملتان عدنان شافع نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کوٹ ادو اور ڈی جی خان ریلوے سٹیشن کی تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل مںی ہے جبکہ بھکر ریلوے سٹیشن ‘ بوریولا‘ پاکپتن اور کہروڑپکا سٹیشن کی تزئین و آرائش کا کام جلد ہی شروع کر دیا جائے گا۔ خانیوال سٹیشن (اولڈ شیڈز) پر رنگ و روغن کا کام رواں ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈی ایس عدنان شافع نے کہا کہ ریلوے اراضی پر کسی کو قابض نہیں ہونے دیا جائیگا۔ ڈویژن بھر میں ریلوے اراضی پر تجاوزات کے خاتمے اور قبضے کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ ڈ ی ایس ریلوے نے کہا کہ مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے اس ضمن میں متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔