جہانیاں: پر کشش ملازمتوں کا جھانسہ‘ بیرون ملک بیگار کیمپ کا انکشاف
جہانیاں ( خبر نگار) پر کشش ملازمتوں کے سبز باغ دکھا کر بیرون ملک لے جا کر زبردستی مزدوری کروانے والے گروہ کا انکشاف،اچھی ملازمتوں کا جھانسہ دے کر دبئی اور سعودیہ بھجوایا جاتا ہے جبکہ وہاں جا کر پاسپورٹ ضبط کرکے زبردستی مزدوری کروائی جاتی ہے ،تنخواہ مانگنے پر بیڑیاں پہنا کر تشدد کیا جاتا ہے ،بھوکا پیاسا رکھ کر اذیتیں دی جاتی ہیں۔تفصیل کے مطابق چک نمبر121دس آر کے رہائشی غلام رسول ،محمد افتخار ،نبیل شہزاد ،محمد اسلم،مہر محمد نواز اور دیگر نے بتایا کہ نواحی چک کا رہائشی سرفراز نامی شخص اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لوگوں کوبیرون ملک پر کشش ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر ان سے ویزے کیلئے رقم بٹورتا ہے اور انہیں سعودی عرب،دبئی اور دیگر ممالک بھجوا کروہاں موجود کارندوں کی جانب سے ان کے پاسپورٹ ضبط کرلیے جاتے ہیں اور انہیں ملازمت دلوانے کے بجائے ان سے زبردستی مشقت کروائی جاتی ہے۔متاثرین نے بتایا کہ انہیں 8گھنٹے ڈیوٹی اور معقول تنخواہ کا جھانسہ دے کر بیرون ملک سولہ سولہ گھنٹے مزدوری کروائی جاتی ہے جبکہ انہیں معاوضہ بھی نہ دیا جاتا ہے اور الٹا انہیں کمروں میں بند کرکے بیڑیاں لگا دی جاتی ہیں اور شدید ترین تشدد کیا جاتا ہے ،انہیں بھوکا پیاسا رکھتے ہیں اور کھانے کیلئے سوکھی روٹیاں دی جاتی ہیں۔متاثرہ شخص غلام رسول نے بتایا کہ اس کے بیٹے محمد نعمان کو 8ماہ قبل پلمبر کی ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیا اور اس سے مزدوری کروائی جانے لگی اسے تنخواہ بھی نہ دی گئی جو کہ تنگ آکر کمپنی کے چنگل سے بھاگ نکلا جو کہ دو ماہ جیل میں رہنے کے بعد وطن واپس پہنچا۔چک122دس آر کے محمد یامین کو سعودیہ بھجوایا جو کہ کئی ماہ بعد بھی وہاں پر لاپتہ ہے ۔متاثرین نے دھوکہ دہی سے بیرون ملک لے جا کر مشقت لینے والے گروہ کے خلاف کاروائی کیلئے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور ایف آئی اے سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔