جڑانوالہ: لڑکی سے دوستی منع کرنے پر بوڑھے باپ کو قتل کرڈالا
جڑانوالہ(نمائندہ نوائے وقت) لڑکی سے دوستی کرنے سے منع کرنے پر اپنے باپ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ، ڈکیتی کا ڈرامہ رچا دیا ، لڑکی کے کزن کو مقدمہ قتل میں پھنسانے کا ڈرامہ فلاپ ہوگیا ، دوران تفتیش سنگدل بیٹے نے باپ کے قتل کا اعتراف کرلیا، جبکہ آلہ قتل برآمد کرلیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر 63گ ب اکال گڑ ھ کے نوید اقبال نے مقدمہ قتل کے تحت درج کرایا جس میں مقدمہ مدعی نے موقف اختیار کیا وقوعہ کے روز اس کا بوڑھا باپ محمد اکرم خاں اپنے گھر کے باہر جانوروں کی حفاظت کے لیے سویا ہوا تھا کہ نامعلوم افراد نے اس کے باپ کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا پولیس تھانہ صدر کے ایس ایچ او محمد ریاض اٹھوال نے مقدمہ مدعی کی نشاندہی پر گائوں ہذا کے اظہر کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی دوارن تفتیش شک گزرنے پرمقتول کے جواں سالہ بیٹے تنویر اکرم سے تفتیش کی گئی تو دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ تنویر کے اظہر کی کزن کائنات عرف بلی سے مبینہ طور پر تعلقات ہیں جس سے وہ ملتا تھا اور اظہر اسے منع کرتا تھا جس پر تنویر نے منصوبے کے تحت پھنسانے کا پلان تیار کررکھا تھا کیونکہ چند روز قبل تنویر نے مزید انکشاف کیا کہ اس نے اپنے باپ کے دس ہزار روپے چرا کر اپنی دوست کائنات کو دئے تھے جس پر اس کے باپ کو شک گزرا تو اس نے کائنات کے ورثاسے پیسوں کی واپسی کا مطالبہ کیا تو تنویر کو شدید رنج ہو ا جس پر اس نے طیش میں آکر اپنے بوڑھے باپ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔